تلنگانہ میں کانگریس کی 30 لاکھ رکنیت سازی مہم کا آغاز

,

   

کوڑنگل میں ریونت ریڈی کی ریالی، تلنگانہ میں کانگریس اقتدار کا یقین، درگاہ شریف پر حاضری
حیدرآباد۔9۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں کانگریس کی ڈیجیٹل رکنیت سازی مہم کا آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں سونیا گاندھی کا اقتدار واپس ہوگا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر آج ریاست بھر میں پارٹی کی ڈیجیٹل ممبر شپ مہم کا آغاز ہوا۔ ریونت ریڈی نے کوڑنگل ضلع وقار آباد میں رکنیت سازی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی کو سالگرہ کے تحفہ کے طور پر 30 لاکھ رکنیت سازی پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی رکنیت سازی کے لئے عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتاہے ، لہذا 30 لاکھ کا نشانہ بآسانی مکمل ہوگا۔ ریونت ریڈی کی کوڑنگل آمد پر ہزاروںکی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے استقبال کیا اور ریالی منظم کی گئی ۔ اس موقع پر اے آئی سی سی میں رکنیت سازی کے انچارج پراوین چکرورتی کے علاوہ پارٹی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں جنرل بپن راوت اور دیگر فوجی جوانوں کو خراج پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ 9 ڈسمبر کے دن یو پی اے حکومت نے تلنگانہ کی تشکیل کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی اور دیگر گوشوں سے مخالفت کے باوجود سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کیا۔ اس طرح 60 سالہ طویل جدوجہد کی کامیابی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والے قائدین ٹی آر ایس حکومت نے وزیر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ کے سی آر نے تلنگانہ کو اپنی جاگیر تصور کرتے ہوئے صرف خاندان کی بھلائی پر توجہ دی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ میں سونیا گاندھی سے ریاست میں 30 لاکھ رکنیت سازی کا وعدہ کیا ہے۔ سابق کی طرح اس مرتبہ رکنیت سازی میں تبدیلی کرتے ہوئے آن لائین سہولت فراہم کی گئی ۔ 34,000 سے زائد پولنگ بوتھس پر کانگریس کیڈر رکنیت سازی میں مشغول رہے گا۔ رکنیت سازی پر ہر شخص کو دو لاکھ روپئے کا انشورنس فراہم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کیڈر کو رکنیت سازی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں سونیاماں راجیم کا قیام یقینی ہے اور آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔ کوڑنگل میں ریونت ریڈی نے درگاہ شریف پر حاضری دی اور کانگریس کی کامیابی کے لئے دعا کی ۔ مقامی مسلمانوں نے ریونت ریڈی کا پرجوش استقبال کیا۔ ر