تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا

   

بی آر ایس سے ترقی، اقلیتوں کیلئے فلاحی اسکیمات : اعظم علی خرم
حیدرآباد۔27جولائی(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کا تلنگانہ میںاقتدار پر واپس لوٹنے کا خواب کبھی پورا نہیںہوگا‘ پچھلے نو سال سے بی آر ایس پارٹی کی حکومت نے تلنگانہ کو ترقی دی۔ بی آر ایس پارٹی کو تلنگانہ میںشکست دینا کانگریس یاکسی اورسیاسی جماعت کے بس کی بات نہیںہے ۔ بی آر ایس پارٹی گریٹر حیدرآباد جنرل سکریٹری او رملک پیٹ اسمبلی حلقہ انچارج اعظم علی خرم نے سیاست سے خصوصی بات چیت میں ان خیالا ت کااظہار کیاہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو اور پارٹی کے کارگذارصدر او روزیربلدی نظم ونسق ‘ انفورمیشن اینڈ ٹکنالوجی کے ٹی راما رائوکی قیادت میںتلنگانہ میںفرقہ وارانہ ہم آہنگی او رآپسی بھائی چارہ کوفروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاء اینڈ آرڈر پر حکومت کی مکمل گرفت نے فرقہ پرستوں کے تمام منصوبوں کو ناکام بنادیاہے ۔ اعظم علی خرم نے مزیدکہاکہ بزرگو ںکا ہمیشہ یہ قول رہتا ہے کہ اگر کسی کو ترقی سے جوڑنا ہے تو ان کے ہاتھوں میں قلم تھما دیں او ریہی کام چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میںپانچ سے سوزائد اقامتی اسکولس قائم کئے گئے ہیںجس میں 204 اقامتی اسکول اقلیتی طبقات کے بچوں کے لئے ہیںجہاں پر لاکھو ں تعداد میںمسلمان لڑکے او رلڑکیاں مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہو ںنے کانگریس قائدین کے بیانات اوردوبارہ اقتدار میںآنے کے دعوی کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کے پاس چار فیصداو ربارہ فیصد تحفظات سے ہٹ کر کوئی موضوع نہیںہے اور اسی عنوان کے مسلمانوں کو ورغلانے کی کوشش کی جارہی ہے مگر تلنگانہ کے مسلمان کانگریس کے جھانسے میںنہیںآنے والے ہیں اور چیف منسٹرکی قیادت پر مسلمانوں کو پورا یقین ہے اورتلنگانہ کے مسلمان بی آر ایس پارٹی کے حق میں ہی اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔