تلنگانہ میں کانگریس کے 2 روزہ چنتن شیور کا آج آغاز

   

ریونت ریڈی کی عدم شرکت، سیاسی صورتحال اور پارٹی کے استحکام پر مباحث کا امکان
حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام کیلئے دو روزہ نوا سنکلپ چنتن شیور کا کل یکم جون سے آغاز ہوگا۔ میڑچل ضلع کے کیسرا منڈل میں واقع بالا وکاس انٹرنیشنل سنٹر میں منعقد ہونے والے دو روزہ کیمپ میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور اور انچارج سکریٹریز کے علاوہ تلنگانہ کے تمام اہم سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ راجستھان کے چنتن شیور کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے تلنگانہ میں عمل آوری کا ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ کیمپ میں سیاسی امور ، تنظیمی امور، معیشت، زراعت ، سماجی انصاف اور نوجوانوں کے مسائل پر تشکیل دیئے گئے چھ گروپس کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ تلنگانہ کی موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی، 9 اگسٹ سے 75 کیلو میٹر طویل پدیاترا کے آغاز، عوامی مسائل پر احتجاجی پروگرام اور بوتھ سطح تک کانگریس کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی پر مباحث ہوں گے۔ پارٹی نے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی قیادت میں چنتن شیور کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ریاست کے تمام قائدین کی رائے پولٹیکل افیرس کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی جائے گی جسے پارٹی ہائی کمان روانہ کیا جائے گا۔ دو روزہ چنتن شیور میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی غیر حاضر رہیں گے کیونکہ وہ ان دنوں امریکہ کے دورہ پر ہیں۔ صدر پردیش کانگریس کے غیاب میں چنتن شیور کا انعقاد پارٹی حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ ریونت ریڈی 10 جون کو ہندوستان واپس ہورہے ہیں۔ اسی دوران بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ چنتن شیور کے انعقاد سے تلنگانہ میں پارٹی مستحکم ہوگی۔ر