جان پہاڑ درگاہ کی ترقی کیلئے ایک کروڑ روپئے جاری کرنے وزیر اتم کمار ریڈی کا اعلان
حیدرآباد : /26 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر سیول سپلائیز این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور بی آر ایس کا وجود خطرے میں پڑجائے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی 100 دن میں 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ اس جانب حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے ۔ کانگریس کی دیڑھ ماہی کارکردگی سے ریاست کے عوام پوری طرح مطمئین ہیں ۔ صرف بی آر ایس کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ اسمبلی انتخابات سے قبل بی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی تھی ۔ نتائج سے واضح ہوگیا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔ اقتدار سے محروم ہونے کے بعد بھی بی آر ایس قائدین میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ اپنا محاسبہ کرتے ہوئے غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے چور مچائے شور کے مترادف واویلا مچارہے ہیں ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئی ہیں جس کی تحقیقات کا آغاز ہوگیا ہے ۔ بدعنوانیوں میں ملوث ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے ضلع سوریہ پیٹ میں جان پہاڑ درگاہ کے عرس میں شرکت کی اور درگاہ کی ترقی کیلئے ایک کروڑ روپئے خرچ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے ہیں اس کو پورا کیا جائے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان راست مقابلہ ہے ۔ بی آر ایس مقابلے میں بھی نہیں ہے ۔ 2