فیور اور گاندھی ہاسپٹل میں احتیاطی اقدامات، مرکزی ٹیم کا دورہ، وزیر صحت کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) وزیر صحت ای راجندر نے کہا کہ تلنگانہ میں کرونا وائرس پازیٹیو کا ایک بھی کیس درج نہیں ہوا ہے۔ وزیر صحت نے آج اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ اس وائرس میں مبتلا ایک بھی کیس منظر عام پر نہیں آیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہاکہ چین سے آنے والے افراد پر احتیاطاً خون کے نمونے حاصل کرتے ہوئے جانچ کے لیے روانہ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے بارے میں عوام میں کافی شبہات اور خوف پایا جاتا ہے۔ راجندر نے کہا کہ کرونا وائرس کی علامات سوائن فلو علامات کی طرح ہوتی ہیں۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر گاندھی ہاسٹل اور فیور ہاسپٹل میں علیحدہ وارڈس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا ٹسٹ کے حیدرآباد میں انعقاد کے لیے مرکز سے اجازت حاصل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے مشتبہ کیسس کے لیے حیدرآباد میں 100 بستروں کے علیحدہ وارڈ کے قیام کے لیے ہم تیار ہیں۔ عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اس وائرس کے بارے میں خبروں کی نشرو اشاعت کے سلسلہ میں میڈیا کو احتیاط برتنی چاہئے۔ عہدیداروں سے تصدیق کے بعد ہی کوئی خبر نشر کریں۔ انہوں نے کہا کہ درج حرارت میں اضافے سے کرونا وائرس پھیلنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ میڈارم جاترا میں قریبی دواخانوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 6
ڈی ایم ایچ او اور 13 فوڈ انسپکٹرس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ابھی تک پانچ افراد کے خون کا معائنہ کیا گیا لیکن ان میں کرونا وائرس کے پائے جانے کے کوئی علامات نہیں تھے۔ راجندر نے کہا کہ اس وائرس سے بچنے کے لیے معمولی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں جن میں ہاتھوں کی بروقت صفائی پر توجہ دی جائے۔ جائزہ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری ہیلتھ شانتا کماری، ڈائرکٹر ہیلتھ سرینواس، فیور ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ شنکر، ڈائرکٹر آیوش اے ورشینی اور دوسروں نے شرکت کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ کرونا وائرس کے بارے میں جھوٹی خبروں کے نتیجہ میں عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ سوائن فلو کے وقت جس طرح احتیاطی اقدام کئے جاتے ہیں اسی طرح عمل کرنے سے کرونا وائرس سے بچاجاسکتا ہے۔ تلنگانہ میں کرونا وائرس کی موجودگی کی افواہوں کے بعد مرکزی وزارت صحت کی ٹیم نے حیدرآباد کا دورہ کیا۔ ٹیم کے عہدیداروں نے فیورہاسپٹل کا دورہ کیا بعد میں سکندرآباد میں گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرس سے ملاقات کی۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے دونوں ہاسپٹلس میں کئے گئے احتیاطی اقدامات کا مرکزی ٹیم نے جائزہ لیا۔ مرکزی ٹیم نے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ چوکسی برقرار رکھیں۔ وزیر صحت نے بتایا کہ میڈارم جاترا میں یاتریوں کے لیے 50 بستروں پر مشتمل عارضی ہاسپٹل قائم کیا گیا ہے۔ جاترا میں دیڑھ کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور ملک میں کرونا وائرس کا ایک بھی کیس منظر عام پر نہیں آیا ہے لہٰذا عوام کو غیر ضروری دہشت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ معمولی احتیاطی تدابیر سے وائرس سے بچاجاسکتا ہے۔