حیدرآباد۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کرپشن کے واقعات میں کمی ہو رہی ہے۔ یہ بات نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو نے اس کی کرائم ان انڈیا رپورٹ برائے 2021 میں کہی ہے۔ این سی بی آر وزارت داخلہ امور کے تحت کام کرنے والا ایک ادارہ ہے۔ قانون انسداد رشوت ستانی اور تعذیرات ہند کے متعلقہ سیکشنس کے تحت 2019 میں درج کئے گئے 177 کیسیس سے 2020 میں 84 اور 2021 میں 83 کیسیس تک اس میں کمی ہوئی جبکہ سال 2021 میں دیگر کئی ریاستوں جیسے کرناٹک، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، تاملناڈومیں کرپشن کے کیسیس میں اضافہ ہوا۔ تلنگانہ میں 2021 میں درج کئے گئے 83 کیسیس میں 74 ٹرٹیپ کیسیس جو اے سی بی، ویجلنس یا لوک آیوکت کی جانب سے درج کئے گئے اور اس کے علاوہ غیر محسوب اثاثہ جات کے دو کیسیس اور مجرمانہ بدانتظامی کے سات کیسیس شامل ہیں۔ کرپشن میں ملوث ہونے کے الزامات کے ساتھ 124 اشخاص کو گرفتار کیا گیا جبکہ 169 اشخاص کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی اور سات لوگوں کو سزاء ہوئی۔ ایک شخص کو خدمت سے برطرف کیا گیا جبکہ ایک کو جیل ہوئی۔