حیدرآباد: تلنگانہ میں قائم کئے گئے ٹاورس کی کارکردگی ملک کے دیگر ٹاورس کے مقابلہ میں بہتر ہے۔ تلنگانہ کا ہر ٹاور ایک ہزار میں سے 0.71 فیصد آبادی کا احاطہ کرتا ہے جبکہ قومی سطح پر یہ 0.42 فیصد ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اسٹیٹ براڈ بینڈ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں بی ٹی ایس ٹاورس کے قیام اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ نیشنل براڈ بینڈ مشن نے 2024 ء تک 1.7 فیصد کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ ریاست میں بہتر کمیونکیشن کوریج کے لئے حکومت ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ ٹاورس کے قیام کیلئے 109 مقامات پر درکار منظوری جلد دی جائے گی۔ تلنگانہ میں فی الوقت 24961 ٹاورس موجود ہیں جبکہ 34902 ٹاورس کے قیام کا نشانہ ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ 140 گرام پنچایتوں میں ٹاورس کے قیام کی تجویز ہے جہاں کمیونکیشن کی کوئی سہولت نہیں۔ مواصلاتی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے تلنگانہ میں فائبر سسٹم کی توسیع کو 35 فیصد سے 70 فیصد کرنے کا نشانہ نیشنل براڈ بینڈ مشن نے مقرر کیا ہے۔ سومیش کمار نے الیکٹرسٹی اور پنچایت راج محکمہ جات کے نمائندوں کو تیقن دیا کہ ان کیلئے درکار سہولتیں جلد فراہم کی جائیں گی ۔ پرنسپل سکریٹری ٹرانسپورٹ سنیل شرما اور آئی ٹی سکریٹری جیش رنجن کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔
