تلنگانہ میں کنٹینمنٹ زونس میں کسی قسم کی راحت کی کوئی گنجائش نہیں

   

لاک ڈاون پر مکمل عمل آوری کیلئے مرکز کی ہدایت ‘ مرکزی کابینی سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس

حیدرآباد۔3مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات اور رہنمایانہ خطوط کے مطابق خدمات انجام دے رہی ہے اور ریاست میں مرکزی احکامات کو قابل عمل بنانے کے علاوہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی جا رہی ہے۔ چیف سیکریٹری سومیش کمار نے آج مرکزی کابینی سیکریٹری کی جانب سے منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ سومیش کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس با ت کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تلنگانہ میں موجود کنٹینمنٹ زونس میں کسی قسم کی کوئی راحت فراہم نہیں کی جائے اور نہ ہی لاک ڈاؤن میں راحت فراہم کی جائے بلکہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے ذریعہ کورونا وائرس کے خاتمہ کی حکمت عملی میں مکمل تعاون کیا جائے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے جن دیگر اضلاع کو ریڈ زون میں شامل کیا گیا ہے ان اضلاع میں سختی کے ساتھ لاک ڈاؤن پر عمل آوری کی جا رہی ہے۔ مرکزی کابینی سیکریٹری راجیو گوبا کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے سومیش کمار نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر مکمل عمل آوری اور اس کے علاوہ ان پر سختی کے ساتھ عمل کے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے کی جانے والی کوششیں ثمر آور ثابت ہورہی ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ممکنہ اقدامات کے ساتھ ساتھ کورونا کے متاثرین کے بہتر اور معیاری علاج کیلئے اقدامات کو یقینی بنانے کے علاوہ جن لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ان لوگوں کی جانچ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سومیش کمار نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت کی وزارت صحت اور داخلہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات پر مؤثر عمل آوری کی جا رہی ہے۔انہوں نے ریاست تلنگانہ سے اپنی ریاستوں کو روانہ ہونے والے مزدوروں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مرکزی حکومت کے احکامات کے مطابق اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں جو بیرون ریاست کے مزدور ہیں انہیں واپس روانہ کرنے کے عمل کو مکمل کیا جائے۔ راجیو گوبا نے ریاست تلنگانہ میں موجود ریڈ زونس کی صورتحال اور مزدوروں کی واپسی کے عمل کے متعلق کئے جانے والے اقدامات سے آگہی حاصل کرنے کے بعد عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ مرکزی حکومت کی جانب سے جو احکامات جاری کئے جا رہے ہیں ان احکامات پر من و عن عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور کسی بھی طرح کے احکامات کو قابل عمل نہ بنانے کے فیصلہ کی صورت میں مرکز کو اس بات سے واقف کروانے کے علاوہ وجوہات سے بھی واقف کروایا جائے تاکہ مرکزی حکومت کو اس بات کا علم رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کے کیا نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔مسٹر سومیش کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے تمام فیصلوں اور اقدامات سے مرکز کو واقف کروایا جا ئے گا اور مرکزی حکومت کے فیصلوں پر عمل کیا جائے گا۔