اموات کی روک تھام کیلئے جنگی خطوط پر کام کرنے وزیر صحت کا مشورہ
ہاسپٹلس میں سہولتوںکی فراہمی، دیہی علاقوں میں بخار میں مبتلاء افراد پرنظر رکھنے کی ہدایت
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے تلنگانہ میں دن بہ دن کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست پھر ایک بار نازک دور سے گذر رہی ہے۔ ایسے میں طبی عملہ کو آرام کے بغیر بڑی حد تک اموات کی روک تھام کیلئے جنگی خطوط پر خدمات انجام دینا چاہیئے۔ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ریاستی وزیر صحت نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا اور ریاست کی تازہ صورتحا ل پر تبادلہ خیال کیا۔ پہلے ریاست کے تمام ہاسپٹلس کے سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ ایٹالہ راجندر نے ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اجلاس میں ہیلت سکریٹری رضوی، ڈی ایم ای رمیش ریڈی بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ ریاست میں کورونا کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے لہذا ہاسپٹلس میں تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیں۔ تمام ہاسپٹلس میں پی پی ای کٹس، این 95 ماسکس، لکویڈ آکسیجن ٹینکس، بلک سلنڈرس اور ڈاکٹرس کے ساتھ طبی عملہ کی موجودگی کا خیال رکھیں۔ اگر ڈاکٹرس اور عملہ کی قلت ہے تو عارضی تقررات کرتے ہوئے ضروریات کی تکمیل کرنے کا مشورہ دیاگیا۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیلت آفیسرس کے ساتھ ایک اور ٹیلی کانفرنس کی گئیجس میں ڈائرکٹر آف ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے والا طبی عملہ اہم رول ادا کرے۔ گاؤں میں ہر دن بخار میں مبتلا ہونے والے افراد کی نگرانی کریں۔ محکمہ صحت میں خدمات انجام دینے والے ملازمین بغیر کسی رخصت کے کام کریں۔ مرکزی حکومت کی ہدایت کے مطابق اتوار کو بھی ٹیکہ اندازی کی مہم کو جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی اور طبی عملہ کو ہفتہ کے 7 دن کام کرنے پر زور دیاگیا۔ دوسری ریاستوں سے متصل سرحدی اضلاع کے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کو چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیاگیا۔ 45 سال مکمل کرنے والے تمام شہریوں کو مشورہ دیا گیاکہ وہ ٹیکہ لیں ۔ ریاست میں آج سے ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ ایک ہزار سے زائد مراکز پر ٹیکے دیئے جارہے ہیں۔ تمام شہری کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں۔ عوامی اجتماعات سے گریز کریں ، بھیڑ بھاڑ والے مقامات کا دورہ نہ کریں۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ ضرورت کے مطابق ہی گھروں سے باہر نکلیں غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ماسک لازمی طور پر استعمال کریں۔