تلنگانہ میں کورونا سے ایک لاکھ 80 ہزار اموات

   

کانگریس پارٹی کا دعویٰ ، متاثرین کو امداد کیلئے چیف سکریٹری کو مکتوب
حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں کورونا سے اموات کے مسئلہ پر چیف سکریٹری سومیش کمار کو مکتوب روانہ کیا۔ پارٹی کے ترجمان شراون نے مکتوب میں ہلاکتوں کی از سر نو جانچ اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ اور ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں ریاست میں بڑے پیمانہ پر اموات ہوئی ہیں۔ دوسری لہر میں شہری علاقوں کے علاوہ دیہی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ۔ ہزاروں بچے والدین کے فوت ہوجانے سے لاوارث اور یتیم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری لہر میں آکسیجن اور بستروںکی کمی کے نتیجہ میں سرکاری اور خانگی دواخانوں میں اموات واقع ہوئی ہیں۔ تلنگانہ حکومت اموات کی حقیقی تعداد کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ حکومت نے 14 مارچ 2020 ء سے 30 جون 2021 ء تک 3710 اموات کی تصدیق کی ہے ۔ شراون نے کہا کہ حیدرآباد اور اضلاع میں کورونا اموات سے متعلق حکومت کے اعداد و شمار گمراہ کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے 18 سرکلس میں2020 ء میں 76375 اموات واقع ہوئی ہیں جبکہ 2021 ء کے 6 ماہ میں 50548 اموات واقع ہوئیں۔ چیف سکریٹری سے مطالبہ کیا گیا کہ حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کیلئے اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ کورونا سے فوت ہونے والے افراد کے خاندانوں کو سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق مناسب معاوضہ ادا کیا جائے ۔ شراون نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا سے فوت ہونے والوں کی جملہ تعداد 1,80,000 ہے۔