8 اموات۔ 179 مریضوں کا گریٹر حیدرآباد سے تعلق۔ سنگا ریڈی سے 24 نئے پازیٹیوکیس
حیدرآباد 13 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں آج کورونا مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں جملہ 253 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے ہیں جو کورونا وباء پھوٹنے کے بعد سے اب تک کے ایک دن کے سب سے زیادہ کیس ہیں۔ آج کے مریضوں میں کوئی مائیگرنٹ یا بیرون ملک سے آنے والا شامل نہیں ہے اور تمام مریض مقامی ہیں۔ آج کے اضافہ کے بعد جملہ 4288 مقامی افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ بیرون ملک سے آنے والے اور مائیگرنٹس 449 کورونا متاثر ہیں۔ اس طرح تلنگانہ میں جملہ متاثرین کی تعداد 4737 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں جملہ آٹھ اموات کی بھی اطلاع ہے جس سے جملہ مہلوکین کی تعداد 182 ہوگئی ہے ۔ آج جو 253 لوگ متاثر ہوئے ہیں ان میں 179 کا تعلق گریٹر حیدرآباد حدود سے بتایا گیا ہے جبکہ سنگاریڈی ضلع سے 24 پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ میڑچل سے 14 اور رنگا ریڈی ضلع سے 11 پازیٹیو کیس رپورٹ ہونے کی اطلاع ہے ۔ محبوب نگر سے چار کے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ورنگل اربن ‘ ورنگل رورل ‘ کریمنگر ‘ نلگنڈہ ‘ ملگ ‘ سرسلہ اور منچریال سے دو دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سدی پیٹ ‘ کھمم ‘ میدک ‘ نظام آباد ‘ ناگرکرنول ‘ کاامار یڈی اور جگتیال سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ۔ جملہ 2352 افراد کو علاج کے بعد گھروںکو بھیج دیا گیا ہے جبکہ مزید 2203 افراد زیر علاج ہیں۔ حکومت نے بلیٹن میں عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے اور سفر سے گریز کریں ۔ اگر سفر ضروری ہوجائے تو تمام احتیاطی تدابیر اختیار کئے جائیں۔ اسکے علاوہ ہائپر ٹنشن ‘ ذیابطیس ‘ امراض قلب ‘ گردوں کے عارضہ ‘ تنفس کے عارضہ اور دوسری شدید بیماریوں کا شکار افراد سے خصوصی اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور کسی بھی حال میں باہر نہ نکلیں۔