کوویڈ ۔ 19 کے مزید 28 کسیس ‘ دو فوت ۔ عوام کو پہلے سے زیادہ احتیاط اور سرکاری مشینری کو سخت چوکسی کیلئے کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 12؍ اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو نے کہا کہ ملک اور ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاو میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ جس کے پیش نظر انہوں نے متعلقہ سرکاری مشینری کو مزید چوکسی اختیار کرنے اور عوام کو مزید احتیاط برتنے کی ترغیب دی ہے ۔ انہوں نے اتوار کو کہا کہ تلنگانہ میں آج کورونا وائرس 28 نئے کسیس کی شناخت ہوئی اور دو مریض فوت ہوئے ہیں ۔ 60 مریضوں کو صحتیابی کے بعد دواخانہ سے ڈسچارج کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 531 تک پہنچ گئی ہے جبکہ فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے تا حال 103 افراد صحتیابی کے بعد ڈسچارج کئے جاچکے ہیں دیگر 412 مریض مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ اگر ہم عالمی ‘ ہندوستانی قومی اور تلنگانہ کی ریاستی سطح پر رونما ہونے والی صورتحال پر نظر ڈالتے ہیں تو یہ واضح ہوجاتا ہے کہ کورونا وائرس پھیلانے کا سلسلہ ہنوز نہیں تھما ہے ۔ تلنگانہ میں اتوار کو کورونا وائرس مثبت کسیس کی تعداد میںقابل لحاظ اضافہ ہوا ۔ تلنگانہ میں 28 نئے کسیس مثبت پائے گئے ہیں اور دو مریض فوت ہوئے ہیں ۔ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کی صورتحال اور بھی سنگین اورتشویشناک ہے ۔ ملک بھر میں کورونا مثبت کے کسیس کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوا ہے اس طرح اموات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ۔ المختصر یہی ایک وجہ ہے کہ ہم نے لاک ڈاون کی مدت میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ حالات کی سنگینی کو بخوبی سمجھیں اور جہاں تک ممکن ہوسکیں اپنے گھروں تک محدود رہیں ۔ بشرط ضرورت اگر باہر نکل ہو تو سماجی فاصلہ پر سختی سے عمل کریں ۔
شخصی صحت و صفائی لازم ہے ۔ اگر کسی کو کوئی شک و شبہ ہے تو سیدھا جائیں اور اپنے معائنے کروائیں ۔ حکومت ان مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں کورونا وائرس مثبت کسیس پائے گئے ہیں ان تمام مقامات پر خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ ان اقدامات کے ضمن میں تعاون کریں ۔ کرورنا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے صرف حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کافی نہیں ہوتے بلکہ عوام کی طرف سے سرکاری ہدایات اور رہنمایانہ خطوط پر پورے جذبہ کے ساتھ عمل کرنا بھی ضروری ہوتا ہے ۔ اس بات کو محسوس کرتے ہوئے کورونا وائرس مزید پھیل رہا ہے عوام کو بھی پہلے سے زیادہ احتیاط و چوکسی اختیار کرنا چاہئے ‘‘ ۔چیف منسٹر کے سی آر نے اپنی سرکاری رہائش گاہ و کیمپ آفس گتی بھون پر اتوار منعقدہ اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ’’ سرکاری مشینری کو وہ بھی پہلے سے زیادہ چوکس و متحرک رہے جہاں کہیں علامات پائی جاتی ہیں وہاں معائنے کئے جائیں ۔ کورونا وائرس سے متاثرہ تمام مریضوں کی تفصیلات جمع کی جائیں کہ انہوں نے کس سے ملاقات کی تھیں اور ان کے رابطہ میں کون آئے تھے ان کا پتہ چلایا کہ اور معائنے کئے جائیں ‘ بالخصوص ان کی نشاندہی کی جائے جنہوں نے دہلی میں مرکز کے اجتماع میں شرکت کی تھی اور ان کے معائنے کئے جائیں ۔اگر کوئی معائنہ کروانے میں ناکام رہا ہے تو اس کو چاہئے کہ رضاکارانہ طور پر آگے آئے اور ازخود معائنہ کروائے یہ خود ان کے اور ان کے افراد خاندان کی بھلائی کے مفاد میں ہوگا ۔ اگر عوام پوری چوکسی کے ساتھ اپنے گھروں میں رہتے ہیں تو اس سے کورونا وائرس کو روکا جاسکتا ہے ‘‘ ۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور لاک ڈاون موثر عمل آوری ‘ غریبوں کو دی جانے والی امداد ‘ زرعی پیداوار کی خریدی کی پالیسیوں اور دیگر اہم مسائل پر بھی اعلی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ یہ جائزہ جو سہ پہر تین بجے شروع ہوا ساڑھے نو بجے شب ختم ہوا ۔
