مزید کوئی مریض فوت نہیں ہوا، 150 متاثرین زیرعلاج
حیدرآباد 7 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس کیسیس کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ آج ایک دن میں 40 کیس منظر عام پر آئے جن میں ضلع محبوب نگر میں 23 دن کا نومولود بھی شامل ہے ۔ تاہم تلنگانہ میں آج کہیں سے بھی اموات کو کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ کورونا سے متاثر جملہ 398 افراد دواخانہ میں زیرعلاج ہیں جن میں سے ابھی تک 45 افراد کو ڈسچارج کردیا گیا۔ حیدرآباد کے سرکاری دواخانوں سے 21 افراد کو اور کریم نگر کے سرکاری دواخانوں سے 11 افراد کو ڈسچارج کردیا گیا۔ تاہم حیدرآباد کے مختلف ہاسپٹلس میں 150 متاثرین زیرعلاج ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے آج شام یہ اعداد و شمار ہیلت بلیٹن میں جاری کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ روزانہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے محکمہ صحت کے وزیر اعلیٰ اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کورونا وائرس پر حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ضلع کلکٹرس سے رپورٹ بھی طلب کی جارہی ہے اور تمام ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کریں اور چیف منسٹر نے ٹی آر ایس کے اراکین پارلیمنٹ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کو بھی اس بات کے لئے پابند کردیا ہے کہ وہ وزیراعظم کے جائزہ اجلاس میں لاک ڈاؤن کی توسیع کی سفارش کریں۔
