تلنگانہ میں کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں کمی باعث تشویش

   

اتم کمار ریڈی نے سرکاری ہاسپٹل کا دورہ کیا ، کورونا مریضوں سے ملاقات
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں کورونا ٹسٹوں کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا اورکہا کہ حکومت ٹسٹوں میں کمی کے ذریعہ کیسیس میں کمی کا دعویٰ کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا کی حقیقی صورتحال کا پتہ چلانے کے لئے ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق روزانہ ایک لاکھ ٹسٹ کئے جانے چاہئیں۔ اتم کمار ریڈی نے ضلع کے سرکاری ہاسپٹل کا دورہ کیا اور کورونا علاج کی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اتم کمار ریڈی نے پی پی ای کٹ پہن کر کورونا کے مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے علاوہ علاج کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ صدرپردیش کانگریس نے کہا کہ ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کی طرح سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے کے والے افراد کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائیں۔ مرکز کی ہیلت اسکیم سے بہتر آروگیہ شری اسکیم ہونے کا دعویٰ کرنے والے چیف منسٹر غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کورونا کے علاج کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سوریا پیٹ میڈیکل کالج کو 950 بستروںکے دواخانوں میں منتقل کرنے کیلئے وہ مساعی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر اور کوداڑ کے دواخانوں میں سی ٹی اسکیان ، آئی سی یو اور آکسیجن سے مربوط بیڈس کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔