تلنگانہ میں کورونا پر مکمل کنٹرول

,

   

سنٹرل کابینی سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس ‘چیف سکریٹری کا دعوی
حیدرآباد :۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا پوری طرح کنٹرول میں ہے ۔ حکومت سے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مرکزی کابینی سکریٹری راجیو گوہا نے یکم مارچ سے تیسرے مرحلہ کی کورونا ٹیکہ اندازی مہم کے آغاز سے قبل تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی کی تیاریاں ، کورونا کے کیسوں میں اچانک اضافہ ہوجانے اور حکومتوں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلات طلب کی اور کورونا کے کیس کو بڑھنے سے روکنے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنے اور خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی مہم کو کامیاب بنانے کا مشورہ دیا ۔ اس موقف پر تلنگانہ کے چیف سکریٹری نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کورونا پوری طرح کنٹرول میں ہے ۔ باوجود اس کے حکومت اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ شہری اور دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا کیسیس کی پازیٹیو شرح صرف 0.43 فیصد ہے ۔ بڑی تیزی سے بھی لوگ صحت یاب ہورہے ہیں ۔ ریاست کے 1100 مقامات پر کورونا ٹسٹوں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ کورونا کے متاثرین کو فوری تمام طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ تاحال 75 فیصد طبی عملہ کو کورونا ٹیکہ دیا گیا ہے ۔ یکم مارچ سے تیسرے مرحلے کی کورونا ٹیکہ اندازی کے لیے حکومت پوری طرح تیار ہے ۔