تلنگانہ میں کورونا کا جائزہ لینے مرکزی ٹیم کی حیدرآباد آمد

   

آج گاندھی ہاسپٹل اور کنٹینمنٹ علاقوں کا دورہ ، چیف سکریٹری سے ملاقات
حیدرآباد : تلنگانہ میں کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کے اقدامات کا جائزہ لینے مرکزی ٹیم آج حیدرآباد پہونچ گئی۔ مرکز نے تلنگانہ سمیت بعض دیگر ریاستوں میں کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجوہات کا پتہ چلانے خصوصی ٹیم روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت و خانگی شعبہ میں کورونا متاثرین کے علاج اور پھر عوام کو وائرس سے محفوظ رکھنے اقدامات کے بارے میں مرکزی ٹیم ریاستی عہدیداروں سے بات کریگی۔ توقع ہے کہ ٹیم کے نمائندے مختلف ہاسپٹلس کا دورہ کریں گے۔ اِسکے علاوہ خانگی لیابس میں کورونا ٹسٹ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے گا۔ ٹیم کو شہر میں کنٹینمنٹ زونس و ریڈ زونس کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ امکان ہے یہ ٹیم بعض کنٹینمنٹ علاقوں کا دورہ کریگی۔ پیر کو صبح 7 تا 9 بجے مرکزی ٹیم شہر کے بعض کنٹینمنٹ کلسٹرس کا معائنہ کرے گی بعد میں چیف سکریٹری سومیش کمار اور محکمہ صحت کے حکام سے ملاقات کی جائیگی۔ پیر کو شام میں سنٹرل ٹیم گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کریگی۔ ٹیم گچی باؤلی میں نوقائم کوویڈ ہاسپٹل کا معائنہ کریگی جس کا آغاز نہیں ہوا ۔ ہاسپٹل میں حکومت کے دعوے کے مطابق 1200 بستروں کی گنجائش ہے۔