تلنگانہ میں کورونا کا قہر جاری، 2012 نئے کیسیس منظر عام پر

,

   

رنگا ریڈی اور ملکاجگیری میں اضافہ، دواخانوں میں آکسیجن سے مربوط بیڈس دستیاب

حیدرآباد :تلنگانہ میں کورونا وائرس کا قہر بدستور جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2012 نئے پازیٹیو کیس درج کئے گئے ۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران کورونا کیسیس کی تعداد میں قابل لحاظ کمی واقع ہوئی تھی لیکن 24 گھنٹوں میں اچانک 800 سے زائد کیسیس کا اضافہ ہوچکا ہے۔ ریاست بھر میں منگل کی رات تک 2012 نئے کیسیس کا پتہ چلا جبکہ 13 اموات واقع ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق کورونا سے اموات کی تعداد بڑھ کر 576 ہوگئی جبکہ جملہ پازیٹیو کیس 70958 ہوچکے ہیں۔ پیر اور منگل کے دوران 1139 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 50814 ہوگئی ۔ ریاست میں اکٹیو کیسیس کی جملہ تعداد 19568 ہے جن میں سے 12938 افراد ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ 6630 پازیٹیو کیسیس مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ بلیٹن کے مطابق 84 فیصد پازیٹیو کیسیس کے مریض ہوم آئسولیشن میں ہیں اور ان میں کوئی علامات نہیں ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے پیر اور منگل کے درمیان 21118 ٹسٹ کئے گئے جبکہ 1167 کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے ۔

تلنگانہ میں کورونا وباء کے آغاز سے لے کر آج تک جملہ 5 لاکھ 22 ہزار 143 ٹسٹ کئے گئے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 532 کیسیس درج ہوئے ہیں جبکہ اضلاع میں کیسیس کی تعداد بڑ ھتی جارہی ہے۔ عادل آباد 15 ، کتہ گوڑم 52 ، جگتیال 27 ، بھوپال پلی 46 ، گدوال 48 ، کاما ریڈی 75 ، کریم نگر 41 ، کھمم 97 ء محبوب نگر 51 ، محبوب آباد 36 ، میدک 21 ، ملکاجگیری 198 ، ناگرکرنول 19 ، نلگنڈہ 49 ، نظام آباد 83 ، پدا پلی 41 ، رنگا ریڈی 188 ء سنگا ریڈی 89 ، سدی پیٹ 28 ، سوریا پیٹ 27 ، ونپرتی 20 ، ورنگل رورل 28 ، ورنگل اربن 127 اور بھونگیر میں 26 پازیٹیو کیسیس درج کئے گئے ہیں۔ کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے ۔ مختلف دواخانوں میں کورونا مریضوں کیلئے 17087 بیڈس فراہم کئے گئے تھے ، اس تعداد کو بڑھاکر 20396 کیا گیا ہے ۔ 3315 اضافی بستروں کی سہولت سے مریضوں کو بستروں کے حصول میں دشواری کا خاتمہ ہوگا۔ 2324 نئے بستروں کو آکسیجن سے مربوط کیا گیا ہے ۔ سرکاری اور ٹیچنگ ہاسپٹلس میں 12284 آئسولیشن بیڈس کے منجملہ 11619 بستر خالی ہے۔ آکسیجن سے مربوط 4322 اور آئی سی یو کے 1877 بستر خالی ہیں۔ حکومت سرکاری ہاسپٹلس کے علاوہ خانگی دواخانوں میں مریضوں کو بستر کی بآسانی دستیابی کے اقدامات کر رہی ہے۔