حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے ترجمان کرشنا ساگر راؤ نے تلنگانہ حکومت پر کورونا وائرس کے مریضوں کی درست و حقیقی تعداد کو چھپانے کا الزام عائد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے ٹسٹ کرنے کی تعداد سے بی جے پی مطمئن نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تلنگانہ حکومت ریاست میں کورونا کسیس کی کم تعداد بتارہی ہے اور 19 اپریل سے ٹسٹ ڈیٹا جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر ڈبلیو ایچ او کے قواعد پر عمل نہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا ۔ کرشنا راؤ نے کہا کہ مناسب تعداد میں کورونا وائرس ٹسٹ نہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری ریاستوں میں مناسب و مطلوبہ تعداد میں ٹسٹ کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹنگ کے بغیر مریضوں کی حقیقی تعداد کا پتہ نہیں لگایا جاسکتا ۔ انہوں نے ٹسٹنگ کی تعداد میں اضافہ کرنے اور ڈبلیو ایچ او اور آئی سی ایم آر کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔۔
