تلنگانہ میں کورونا کیسس میں اضافہ

   

۔228 نئے کیسس،152 مریض صحت یاب
حیدرآباد۔تلنگانہ میں گذشتہ ایک ہفتہ سے کورونا کے پازیٹیو کیسس میں اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 228 نئے پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے اور ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ اس مدت کے دوران 152 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ پازیٹیو کیسس کی تعداد 301161 ہوچکی ہے جبکہ 297515 افراد صحت یاب ہوئے۔ فوت ہونے والوں کی تعداد 1653 ہے۔ ایکٹیو کیسس 1993 درج کئے گئے جن میں سے 795 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد سے کیسس کی تعداد میں اضافہ درج ہوا۔ جمعہ اور ہفتہ کے درمیان 50998 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 608 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 46 نئے کیسس درج ہوئے جبکہ ملکاجگیری میں 15 اور رنگاریڈی میں 10 کیس درج ہوئے ہیں۔ بھوپال پلی، آصف آباد، گدوال اور نارائن پیٹ میں ایک بھی کیس درج نہیں ہوا۔عادل آباد میں 9 ، کتہ گوڑم 6 ، جگتیال 7 ، کریم نگر 9 ، کھمم 7 ، محبوب نگر 7 ، منچریال 7 ، نلگنڈہ 9 ، نرمل 7 ، نظام آباد 9 ، سنگاریڈی 8 ، سدی پیٹ 7 اور ورنگل ( اربن ) میں 9 کیسس درج کئے گئے۔