حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کیسس میں بدستور کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں ریاست میں 397 نئے کیسس منظر عام پر آئے جبکہ 627 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اس مدت کے دوران 2 افراد کی کورونا سے موت واقع ہوئی ۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق ریاست میں پازیٹیو کیسس 285465 ہیں جبکہ 277931 افراد صحت یاب ہوئے۔ پازیٹیو کیسس اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں فرق کافی کم ہے۔ ابھی تک 1535 افراد کورونا سے فوت ہوئے۔ ریاست میں ریکوری کی شرح 97.36 فیصد درج کی گئی۔ اتوار اور پیر کے درمیان 42737 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 496 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 92 نئے کیسس درج کئے گئے جبکہ کتہ گوڑم 15، کریم نگر 25 ، کھمم 12 ، محبوب آباد 10 ، ملکاجگیری 37 ، نلگنڈہ 11 ، پدا پلی 10 ، رنگاریڈی 28 ، سوریا پیٹ 11 ، ورنگل (اربن ) 19 اور بھونگیر میں 10 کیسس درج کئے گئے۔ باقی اضلاع میں نئے کیسس کی تعداد 10 سے کم درج کی گئی۔ بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ 60.64 فیصد مرد اور 39.37 فیصد خواتین کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔