تلنگانہ میں کورونا کیسس میں 3018 کا ریکارڈ اضافہ

,

   

اندرون 24 گھنٹے10 اموات ، ٹسٹوں میں اضافہ کے بعد کیسس کی تعداد بڑھ گئی

حیدرآباد : تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسیس میں ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا ۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہیلت بلیٹن کے مطابق ریاست میں 3018 نئے کیسس درج کئے گئے اور 10 اموات واقع ہوئی ہیں۔ کورونا سے اموات کی تعداد بڑھ کر 780 ہوگئی جبکہ پازیٹیو کیسیس 1,11,688 ہوچکے ہیں۔ ایکٹیو کیسیس کی تعداد 25,685 ہے۔ حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ٹسٹنگ میں اضافہ کردیا جس کے بعد کیسیس کی تعداد بھی بڑھ چکی ہے ۔ پیر اور منگل کے درمیان 61,040 ٹسٹ کئے گئے جو اب تک کے ٹسٹوں کی تعداد میں سب سے زیادہ ہے۔ حکومت نے ہر ضلع کیلئے کورونا ٹسٹنگ کا نشانہ مقرر کیا ہے اور حقیقی مریضوں کی تعداد کا پتہ چلانے کیلئے روزانہ ایک لاکھ تک ٹسٹ کئے جاسکتے ہیں۔ ہیلت بلیٹن کے مطابق 1,176 ٹسٹوں کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔ ریاست میں کورونا کے آغاز سے لے کر ابھی تک 10 لاکھ 82 ہزار 94 ٹسٹ کئے گئے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ 19,113 افراد ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1060 افراد کورونا سے صحت یاب ہوگئے ۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کا تناسب قومی تناسب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 475 نئے کیسس درج کئے گئے جبکہ اضلاع میں کیسس کی تعداد میں اضافہ بدستور جاری ہے۔ کئی اضلاع ایسے ہیں جہاں کورونا کے کیسس روزانہ 100 سے زائد منظر عام پر آرہے ہیں۔ حکومت نے محکمہ صحت کو متاثرہ اضلاع میں ٹسٹوں اور علاج پر توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔ اضلاع میں جگتیال 100 ، کریم نگر 127 ، کھمم 161 ، منچریال 103 ، ملکاجگیری 204 ، نلگنڈہ 190 ، نظام آباد 136 ، رنگا ریڈی 247 ، ورنگل اربن 139 ، بھونگیر 44 ، ورنگل رورل 61 ، ونپرتی 46 ، سوریا پیٹ 67 ، سدی پیٹ 88 ، سنگا ریڈی 61 ، سرسلہ 69 ، پدا پلی 85 ، نرمل 41 ، میدک 40 ، محبوب آباد 60 ، محبوب نگر 56 ، کاما ریڈی 76 ، جنگاؤں 52 اور کتہ گوڑم میں 95 نئے کیسس درج کئے گئے۔