۔31 نئے پازیٹیو کیس۔ 30 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے
حیدرآباد 9 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں گذشتہ چند دنوں سے کورونا متاثرین کی تعداد نسبتا کم رہنے کے بعد آج اچانک اس تعداد میںاضافہ ہوگیا اور ہفتے کو ایک دن میں کورونا کے جملہ 31 نئے پاوزیٹیو کیسیس کا پتہ چلا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آج جو کیسیس سامنے آئے ہیں ان میں 30 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود ہی سے ہے جبکہ ایک تارک وطن مزدور میں بھی کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے ۔ اس طرح ریاست میں اس وائرس سے جملہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1163 ہوگئی ہے جبکہ آج جملہ 24 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد دواخانوں سے گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ آج 24 مریضوں کو گھر بھیجے جانے کے بعد ریاست میں جملہ ایکٹیو کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 382 بتائی گئی ہے ۔ ریاست میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے 30 اموات ہوئی ہیں۔ آج کے مریضوں میں 30 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے ہی بتایا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ تین اضلاع ورنگل ( رورل ) یادادری اور ونپرتی میں اب تک ایک بھی کورونا پازیٹیو کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔ اس کے علاوہ کریمنگر ‘ سرسلہ ‘ کاما ریڈی محبوب نگر ‘ میدک ‘ بھوپال پلی ‘ سنگاریڈی ‘ناگرکرنول ‘ ملگ ‘ پیدا پلی ‘ سدی پیٹ ‘ محبوب آباد ‘ منچریال ‘ بھدرادری ‘ وقار آباد ‘ نلگنڈہ ‘ آصف آباد ‘ کھمم ‘ نظام آباد ‘ عادل آباد ‘ سوریہ پیٹ ‘ نارائن پیٹ اور نرمل اضلاع سے گذشتہ 14 دنوں کے دوران کورونا وائرس کا ایک بھی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔