تلنگانہ میں کورونا کیسوں میں اچانک اضافہ

   

1058 نئے کیس‘ ٹسٹوں کی تعداد میں کمی ، 4 اموات
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کیسوں میں اچانک اضافہ درج کیا گیا ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ طبی ماہرین نے موسم سرما میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ کا جو اندیشہ ظاہر کیا تھا ، وہ درست ثابت ہوا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1058 نئے کیس درج کئے گئے جبکہ 4 اموات ہوئی ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں کورونا کیسوں کی تعداد 1000 سے کم تھی لیکن ٹسٹوں میں کمی کے باوجود ایک دن میں ایک ہزار سے زائد کیسس کا منظر عام پر آنا باعث تشویش ہے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق 1440 افراد صحت یاب ہوئے۔ ریاست میں پازیٹیو کیسوں کی تعداد 260834 ہوچکی ہے جبکہ 246733 افراد صحت یاب ہوئے۔ مرنے والوں کی تعداد 1419 ہوچکی ہے۔ ریاست میں ایکٹیو کیس 12682 ہیں جن میں سے 10352 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ حکومت نے 60,000 کورونا ٹسٹ کرنے کا نشانہ مقرر کیا تھا لیکن گزشتہ دو دنوں میں 38757 ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 542 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں 168 نئے کیس درج ہوئے جبکہ اضلاع میں کتہ گوڑم 58 ، جگتیال 36 ، جنگاؤں 16 ، کاما ریڈی 18 ، کریم نگر 53 ، کھمم 36 ، منچریال 37 ، میدک 17 ، ملکاجگیری 93 ، ناگر کرنول 37 ، نلگنڈہ 43 ، نظام آباد 16 ، پدا پلی 25 ، سرسلہ 30 ، رنگا ریڈی 91 ، سنگا ریڈی 47 ، سدی پیٹ 29 ، سوریا پیٹ 35 ، وقارآباد 25 ، ونپرتی 15 ، ورنگل اربن 35 اور بھونگیر میں 17 نئے کیس منظر عام پر آئے۔