حکومت کے اقدامات اور لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج ، بیشتر اضلاع میں یومیہ 100 سے کم کیسیس درج
حیدرآباد :۔ حکومت کی جانب سے کورونا کو کنٹرول کرنے کے اقدامات اور لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں ریاست میں دن بہ دن کورونا کے کیسیس اور اموات کی تعداد گھٹ رہی ہے ۔ جس کے سبب ہاسپٹلس پر بھی بوجھ گھٹ رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے گھر گھر فیور سروے کوویڈ او پی خدمات ٹیکہ اندازی کی مہم میں تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ جس کے سبب دو ماہ بعد ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 ہزار سے کم ہوگئی ہے ۔ سوائے اضلاع کھمم اور نلگنڈہ کے ریاست کے دوسرے تمام اضلاع میں روزانہ 100 سے کم کیسیس درج ہورہے ہیں جہاں کورونا کے کیسیس گھٹ رہے ہیں وہیں وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح میں بھی زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ جس کے نتیجے میں ہاسپٹلس میں بڑے پیمانے پر بیڈس خالی ہورہے ہیں ۔ سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں 78 فیصد آکسیجن اور آئی سی یو کے بیڈس خالی ہوگئے ہیں ۔ تاحال عام بیڈس 19,653 آکسیجن کے بیڈس 15,802 آئی سی یو کے بیڈس 7835 جملہ 43,290 بیڈس خالی ہوگئے ہیں ۔ کورونا کی پہلی لہر سے متحرک ہوجانے والی حکومت نے بڑے پیمانے پر بیڈس کو دستیاب رکھا ہے ۔ حکومت کی چوکسی کی وجہ سے تمام سرکاری ہاسپٹلس ، ٹیچنگ ہاسپٹلس کورونا کا معیاری علاج فراہم کرنے کے لیے اضلاع سطح پر بھی خانگی ہاسپٹلس کو کورونا کا علاج کرنے کی اجازت دیتے ہوئے جملہ 55,442 بیڈس کو تیار کیا گیا جس میں 21,846 عام بیڈس 21,751 آکسیجن پر مشتمل بیڈس اور 11,845 آئی سی یو بیڈس شامل ہیں ۔ ہیلت ڈائرکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاست میں کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے ۔ پازیٹیو کیسیس کی تعداد اندرون 2 فیصد ہے جملہ 43 ہزار بیڈس خالی ہیں ۔۔