129 ہاسپٹلس آکسیجن پلانٹس کا قیام ، 75 ہاسپٹلس کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، 3318 ملازمین کا تقرر
حیدرآباد۔7 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے وسیع اقدامات کر رہی ہے ۔ کورونا کی تیسری لہر میں بچے متاثر ہونے کی پیش قیاسی کے بعد بچوں کو بہتر سے بہتر طبی خدمات فراہم کرنے ہاسپٹلس میں آئی سی یو بیڈس کی فراہمی کے علاوہ 66 اقسام کی ادویات کو تیار رکھا جارہا ہے ۔ سرکاری ہاسپٹل کے تمام بیڈس کو آکسیجن بیڈس میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ فی الحال سرکاری ہاسپٹلس میں 27,996 بیڈس ہیں جن میں 19,164 بیڈس کو ابھی تک آکسیجن بیڈس میں تبدیل کردیا گیا ۔ مزید 8832 بیڈس کو آکسیجن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ 30 ستمبر تک اس کو انجام دینے نشانہ مختص کیا گیا ۔ جملہ 129 ہاسپٹل میں 132 پی ایس اے آکسیجن جنریشن پلانٹس قائم کیاجارہا ہے اور اس کیلئے 130 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ 26 جون کو ٹنڈرس طلب کئے گئے ۔ مزید 87 کروڑ کی منظوری کیلئے حکومت سے سفارش کی گئی ہے ۔ نیلوفر ہاسپٹل کے 1200 بیڈس میں مزید 800 بیڈس کا اضافہ کرنے اور ہاسپٹل کی عمارت میں مزید ایک منزلہ عمارت کی تعمیر کا منصوبہ ہے جس پر 35.6 کروڑ خرچ ہونے کا تخمینہ ہے ۔ ایک کال سنٹر اور ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا جارہا ہے ۔ 66 اقسام کی ادویات 24 اقسام کے ٹسٹس کیلئے طبی آلہ جات وغیرہ کی خریدی کیلئے 134 کروڑ روپئے خرچ کیا جارہا ہے ۔ للکاجگری ہاسپٹل میں مزید 50 نئے بیڈس کنڈہ پور میں 150 ، ملک پیٹ میں 112 ، ونستھلی پورم ایریا ہاسپٹل میں 100 ، گولکنڈہ اے ایچ ہاسپٹل میں 120 ، گاندھی ہاسپٹل کے لائبریری بلاک میں 260 نئے بیڈس قائم کئے جارہے ہیں ۔