تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال کا نیتی آیوگ کے رکن نے جائزہ لیا

   

چیف سکریٹری کے ساتھ اجلاس، وائرس سے نمٹنے کے اقدامات پرغور
حیدرآباد : نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر ونود کمار پال نے چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ریاست میں کورونا کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کورونا کی صورتحال کا روزانہ جائزہ لے رہے ہیں اور ان کی رہنمائی میں ریاستی حکومت نے کورونا پر قابو پانے میں اہم پیشرفت کی ہے ۔ تلنگانہ میں ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا اور دواخانوں میں انفراسٹرکچر بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آکسیجن سے مربوط بستروںکی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ ادویات اور طبی آلات کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے ۔ صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہیلت کیر پروفیشنلس کی 4000 جائیدادوں کو منظوری دی گئی ہے۔ ہوم آئسولیشن میں موجود مریضوں کی بہتر نگہداشت کی جارہی ہے۔ محکمہ صحت کا سینئر عہدیداروںکی ٹیم تعاون کر رہی ہے۔ ایڈیشنل سکریٹری وزارت صحت حکومت ہند شریمتی آرتی آہوجا ، ڈاکٹر رویندرن ، رضوی سکریٹری ہیلت ، رگھونندن راؤ ، رونالڈ روس اوردیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔