حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال پر تلنگانہ حکومت نے ریاستی ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کی۔عدالت کی قبل ازیں ہدایت پر عمل کرتے ہوئے یہ رپورٹ پیش کی گئی جس میں مختلف تفصیلات بشمول کوویڈ کے معائنوں،کورونا کی روک تھام کے لئے اقدامات اور دیگرامور کا احاطہ کیاگیا۔اس رپورٹ میں کہاگیا کہ یکم اپریل سے 25اپریل تک ریاست بھر میں جملہ 23.55لاکھ کورونا کے معائنے کئے گئے ۔ان میں 4.39لاکھ آرٹی سی پی سی آر،19.16لاکھ ریاپڈ معائنے شامل ہیں۔حکومت نے اس رپورٹ میں کہا کہ کورونا کے معائنوں کی تعداد میں اضافہ کیاگیا ہے ۔اس ماہ کی پہلی تاریخ سے 25تاریخ تک اس وبا سے 341افراد کی موت ہوئی ہے ۔ریاست میں کورونا کے مثبت معاملات کی شرح 3.5فیصد رہی۔کورونا پر ماہرین کی کمیٹی کے اجلاس بذریعہ آن لائن منعقد کئے گئے ۔حکومت نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے لئے ریاستی حکومت نے شراب کی دکانات،پبس میں کوویڈ قواعد پر عمل کرنے کے اقدامات کئے ۔شراب کی دکانات کا عہدیدار وقتا فوقتا جائزہ لے رہے ہیں اور ان پر نظررکھے ہوئے ہیں۔ریاست کیلئے 430ٹن آکسیجن مرکز نے الاٹ کیا ہے ۔مختلف علاقوں سے آکسیجن ریاست کو منتقل کی جارہی ہے۔