تلنگانہ میں کورونا کے نئے وائرس کا اثر، منگل کو 93 مریضوں کی نشاندہی

   

حیدرآباد۔22۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائر س کی نئی قسم کے متاثرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے اور گذشتہ یوم اس کے متاثرہ 93 مریضوں کی نشاندہی کی گئی۔ محکمہ صحت کورونا وائرس کے معائنوں میں اضافہ کے اقدامات کررہا ہے جبکہ جلد ہی ریاستی حکومت کی جانب سے اس پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کی نئی قسم XBB1.16 کے 104مریضوں کی نشاندہی اور اب تلنگانہ میں 93مریضوں میں وائرس کی نئی قسم کے پائے جانے کے بعد عہدیداروں میں تشویش کی لہر پیدا ہونے لگی ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم جان لیوا ثابت نہیں ہورہی ہے لیکن تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے سبب متاثرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہاہے۔ دونوں ریاستوں کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں گجرات ‘ کرناٹک ‘ دہلی ‘ پڈوچیری ‘ ہریانہ ‘ ہماچل پردیش اور اوڈیشہ میں بھی کورونا وائرس کی اس نئی قسم کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ماہر اطباء کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کا شکار ہونے والوں میں بھی وہی علامتیں پائی جانے لگی ہیں جو سابق میں پائی جا رہی تھیں لیکن وائرس کی اس نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے کے سبب متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔م