حیدرآباد 20 اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے آج 14 تازہ کیس سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے جملہ مریضوں کی تعداد 872 تک جا پہونچی ہے ۔ اس کے علاوہ آج اس وائرس سے دو افراد فوت بھی ہوگئے ہیں۔ آج کسی مریض کو صحتیابی پر دواخانہ سے ڈسچارج نہیں کیا گیا ۔ اب تک کورونا کی وجہ سے ریاست میں فوت ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 23 ہوگئی ہے ۔ آج 14 تازہ مریضوں کے سامنے آنے کے بعد اب ریاست میں جملہ 663 مریض ایسے ہیں جو مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ اب تک جملہ 186 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے ۔ آج جو نئے کورونا کیس سامنے آئے ہیں ان میں 12 کا تعلق گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود سے ہے جبکہ میڑچل اور نظام آباد اضلاع سے ایک ایک کیس کی اطلاع ملی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جن علاقوں میں کورونا کے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں انہیں کنٹینمنٹ زونس قرار دیدیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے طور پر بھی ممکنہ حد تک احتیاط کریں۔ لاک ڈاون کی پابندی کرتے ہوئے گھروں میں رہیں اور ماسک وغیرہ کا استعمال بھی کیا جائے ۔