حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک دن میں جملہ 1590 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 1277مریض شامل ہیں۔ آج کے اضافہ کے بعد ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد 23,902 تک جا پہونچی ہے ۔ آج کورونا سے سات اموات کی بھی اطلاع ہے جس کے نتیجہ میں اب تک مرنے والوں کی تعداد 295 ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں جملہ 1166 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ اب تک جملہ 12,703 مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور مزید 10,904 زیر علاج ہیں۔ آج کے 1590 نئے کیسوں میں جہاں 1277 کا گریٹر حیدرآباد سے تعلق ہے وہیں 125 کیس میڑچل سے اور 82 کیس سنگاریڈی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح سوریہ پیٹ سے 23 ‘ محبوب نگر اور سنگاریڈی سے فی کس 19 اور نلگنڈہ سے 14 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ کریمنگر اور ونپرتی سے چار چار ‘ نظام آباداور میدک سے تین تین ‘ نرمل ‘ وقار آباد ‘ کتہ گوڑم ‘ اور جنگاوں سے دو دو کیس اور گدوال ‘ راجنا سرسلہ ‘ ورنگل رورل ‘ نارائن پیٹ ‘ پیدا پلی ‘ یادادری ‘ کاما ریڈی اور عادل آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔