تلنگانہ میں کورونا کے 163 نئے کیسس، 276 افراد صحت یاب

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 163 نئے کیس درج کئے گئے جبکہ 276 افراد صحت یاب ہوئے۔ اس مدت کے دوران ایک شخص کی کورونا سے موت واقع ہوئی ہے۔ ریاست میں پازیٹیو کیس اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں صرف 4000 کا فرق باقی رہ چکا ہے۔ ریکوری کی شرح 98.69 فیصد ہوچکی ہے اور عہدیداروں کو امید ہے کہ آئندہ ایک ماہ میں صحتیاب افراد کی تعداد پازیٹیو کیسوں سے بڑھ جائیگی۔ تلنگانہ میں پازیٹیو کیس 294469 ہے جن میں 290630 افراد صحت یاب ہوئے۔ کورونا سے 1599 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ایکٹیو کیس 2240 ہیں جن میں 828 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ جمعہ و ہفتہ کے درمیان 37372 ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 892 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں 28 نئے کیس درج کئے گئے جبکہ رنگاریڈی میں 11 کیس درج ہوئے ہیں۔ باقی تمام اضلاع میں کیسوں کی تعداد 10 سے کم ہے۔ ونپرتی، نارائن پیٹ اور گدوال میں کورونا کا کوئی کیس درج نہیں ہوا۔