متاثرین میں 100 مقامی ‘ 5 مائیگرنٹ اور 64 بیرون ملک سے آئے افراد شامل
حیدرآباد 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں آج جمعہ کو ایک دن میں کورونا وائرس کے جملہ 169 نئے پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ان میں 100 مریض مقامی ہیں جبکہ مابقی مریضوں میں 5 مائیگرنٹس ہیں ۔ 64 ایسے مریض ہیں جو بیرونی ممالک سے واپس آئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج ریاست میں کورونا کے مریضوں کی جملہ تعداد 2008 ہوگئی ہے جو مقامی مریضوں کی ہے ۔ اس کے علاوہ 180 مائیگرنٹس اس سے متاثر ہیں اور بیرونی ممالک سے بھیجے گئے 207 افراد بھی کورونا سے متاثر ہیں۔ آج جو مقامی 100 کورونا مریضوں کا پتہ چلا ہے ان میں 82 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے بتایا گیا ہے جبکہ رنگا ریڈی ضلع سے 14 مریضوں کا پتہ چلا ہے ۔ دو دو مریضوں کا تعلق سنگاریڈی اور میدک اضلاع سے بتایا گیا ہے ۔ ریاست میں کورونا کی وجہ سے اب تک فوت ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 71 ہوگئی ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ جملہ 1381 مریضوں کو اب تک علاج و صحتیابی کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ہے جبکہ 973 مریض اب بھی دواخانوں میںزیر علاج ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند دنوں سے جی ایچ ایم سی حدود میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تمام ترا حتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں چار اموات ہوئی ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ بیرونی ممالک سے جو لوگ واپس بھیجے گئے ہیں انہیں قرنطینہ مراکز میں رکھا جا رہا ہے ۔
