تلنگانہ میں کورونا کے 1763 نئے کیس، 8 اموات

,

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ میں اضافے کے ساتھ ہی مریضوں کی تعداد میں اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں 1763 کورونا کے نئے کیسس منظر عام پر آئے اور 8 افراد فوت ہوئے ہیں۔ کورونا سے فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 719 ہوچکی ہے جبکہ ریاست میں پازیٹیو کیسس 95700 ہوگئے۔ ایکٹیو کیسس کی تعداد 20990 ہے۔ پیر اور منگل کے درمیان 1789 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ اس طرح صحتیاب ہونے ولوں کی تعداد بڑھ کر 73991 ہوچکی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ بلیٹن کے مطابق 24 گھنٹوں میں 24542 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 1042 کے نتائج آنے باقی ہیں۔ ریاست میں ابھی تک 7,97,470 کورونا ٹسٹ کئے گئے۔ ایکٹیو کیسس میں 14461 مریض ہوم آئیسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں جبکہ 6529 مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں گزشتہ چند دنوں کے مقابلہ کیسس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں گریٹر حیدرآباد میں 484 نئے کیسس منظر عام پر آئے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں ٹسٹوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ بارش اور سیلاب کی صورتحال کے سبب ریاست بھر میں کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ٹسٹوں میں اضافے کے بعد شہر اور اضلاع میں کیسس کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔