تلنگانہ میں کورونا کے 1891 نئے پازیٹیو کیسوں کا اضافہ

   

10 اموات ۔ 1088 مریض صحتیاب ۔ جی ایچ ایم سی میں 517 نئے کیس
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کے 1891 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 10 اموات ہوئی ہیں۔ اس طرح اب تک ریاست میں اس وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 540 ہوگئی ہے اور جملہ کورونا متاثرین کی تعداد بھی بڑھ کر 66,677 تک جا پہونچی ہے ۔ ریاستی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ جمعہ سے ہفتے کی رات تک جملہ 19,202 معائنے کئے گئے ہیںاور اب بھی مزید 1656 افراد کے معائنوں کی رپورٹ آنی باقی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اب تک ریاست میں جملہ 4,77.795 کورونا معائنے کئے گئے ہیں جب سے ریاست میں کورونا کی وباء پھوٹ پڑی ہے ۔ اب تک جملہ 66,677 افراد کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ ریاستی حکومت کے ایک صحت بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ جملہ 1088 افراد ہفتے کی شام تک کورونا کے علاج کے بعد صحتیاب ہوکر ڈسچارج کردئے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اب تک جملہ 47,590 افراد صحتیاب ہوئے ہیں اور ریاست میں قومی تناسب سے زیادہ شرح سے لوگ صحتیاب ہو رہے ہیں۔ ریاست میں صحتیابی کا تناسب 71.3 فیصد بتایا گیا ہے ۔ بلیٹن کے بموجب ریاست میں اب بھی جملہ 18,547 پازیٹیو کیس ہیں جن میں جملہ 12,001 افراد ہوم آئسولیشن میں ہیں۔ ان میں 84 فیصد پازیٹیو مریضوں میں کورونا کی کوئی علامات نہیں پائی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ نئے کیسوں میں 517 کیس جی ایچ ایم سی حدود سے اور میڑچل سے 146 ‘ رنگا ریڈی سے 111 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں عادل آباد سے 19 ‘ کتہ کوڑم سے 32 ‘ جگتیال سے 14 ‘ جنگاوں سے 15 ‘ گدوال سے 38 ‘ کاماریڈی سے 42 ‘ کریمنگر سے 93 ‘ کھمم سے 47 ‘ کمارم بھیم سے 2 ‘ محبوب نگر سے 33 ‘ محبوب آباد سے 24 ‘ منچریال سے 28 میدک سے 21 ملکاجگری سے 11 ملگ سے 11 نلگنڈہ سے 46 نظام آباد سے 131 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔