حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کے کیسوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک دن میں کورونا کے 2175 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ لاک ڈاون کی وجہ سے کورونا کیسوں میں کمی آ رہی ہے ۔ محکمہ صحت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 15 اموات بھی ہوئی ہیں۔ ریاست میں جملہ 1,36,096 کورونا ٹسٹ کئے گئے تھے جن میں 2175 پازیٹیو رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس وقفہ کے دوران 3821 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں ۔ ریاست میں اب تک کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 3346 ہوگئی ہے جبکہ یہاں اموات کی شرح 0.56 فیصد ہے جو قومی سطح پر 1.2 فیصد ہے ۔ ریاست میں صحتیابی کی شرح بھی قومی سطح سے زیادہ 93 فیصد ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا کے پھیلاو پر قابو پانے کیلئے لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا اور حکام کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے مثبت نتائج ملے ہیں اور کورونا کیسوں میں کمی درج کی جا رہی ہے ۔