تلنگانہ میں کورونا کے 247 نئے کیسس، 3 اموات

   

حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 247 نئے کیسس منظر عام پر آئے جبکہ تین اموات واقع ہوئی ہیں۔ اس مدت کے دوران 158 افراد صحت یاب ہوئے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق ریاست میں پازیٹیو کیسس 301769 ہوچکے ہیں جبکہ 298009 افراد صحت یاب ہوئے ۔ فوت ہونے والوں کی تعداد 1659 ہوچکی ہے۔ ریاست میں ایکٹیو کیسس 2101 پائے گئے جن میں 716 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت نے کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے ۔ عام حالات میں روزانہ 50,000 ٹسٹ کئے جارہے تھے لیکن گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ٹسٹوں کی تعداد کو بڑھاکر 60,000 کردیا گیا ہے ۔ پیر اور منگل کے درمیان 60527 ٹسٹ کئے گئے جن میں 588 کا نتیجہ آنا باقی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 29 نئے کیسس منظر عام پر آئے جبکہ کاما ریڈی 35 ، منچریال 45 ، ملکاجگری 41 اور رنگا ریڈی میں 10 نئے کیسس درج کئے گئے ۔ دیگر اضلاع میں کورونا کیسس کی تعداد 10 سے کم ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تمام اضلاع میں کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ عام طور پر 5 تا 10 اضلاع میں کئی دن تک کورونا کے کیسس نہیں پائے گئے۔