حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 431 نئے کیسس منظر عام پر آئے جبکہ دو اموات واقع ہوئی ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے ریاست میں کیسس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور گریٹرحیدرآباد کے علاوہ کریم نگر ، نظام آباد ، سنگا ریڈی اور جگتیال میں کیسس کی تعداد زیادہ درج کی گئی ۔ حکومت نے ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے آغاز کے پیش نظر ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے ۔
پیر اور منگل کے درمیان ریکارڈ تعداد میں 70280 ٹسٹ کئے گئے جبکہ عام دنوں میں 50 تا 60 ہزار ٹسٹ کئے جارہے تھے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 228 افراد صحت یاب ہوئے۔ ریاست میں پازیٹیو کیسس 304298 ہوچکے ہیں جبکہ 299270 افراد صحت یاب ہوئے ۔ کورونا سے 1676 افراد کی موت واقع ہوئی۔ ایکٹیو کیسس 3352 ریکارڈ کئے گئے جن میں سے 1395 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔
70280 کورونا ٹسٹوں میں 745 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں 111 نئے کیسس منظر عام پر آئے جبکہ جگتیال 21 ، عادل آباد 8 ، کریم نگر 15 ، کھمم 9 ، محبوب نگر 9 ، منچریال 21 ، ملکاجگری 37 ، نلگنڈہ 12 ، نرمل 13 ، نظام آباد 19 ، رنگا ریڈی 31 ، سنگا ریڈی 15 ، ورنگل اربن 11 اور بھونگیر میں 15 کیسس درج ہوئے ۔ باقی اضلاع میں کیسس کی تعداد 10 سے کم ہے۔