گچی باولی میں 14 منزلہ عمارت کو 20 دن میں کورونا ہاسپٹل میں تبدیل کردیا گیا ۔ 1500 بستر ‘ 50 آئی سی یو
حیدرآباد 21 اپریل ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ پولیس کی جانب سے اسپورٹس کامپلکس کے ایک 14 منزلہ ٹاور کو خصوصی میڈیکل سنٹر ( ہاسپٹل ) میں تبدیل کردیا ہے تاکہ یہاں کورونا کے مریضوں کا علاج کیا جاسکے ۔ اس دوران آج منگل کو ایک دن میں تلنگانہ بھر میں کورونا کے 56 نئے کیسسامنے آئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں اب تک جملہ مریضوں کی تعداد 928 تک جا پہونچی ہے جبکہ فی الحال 711 مریض زیر علاج ہیں۔ کہا گیا ہے کہ تقریبا ایک ہزار مزدوروں نے مل کر ایک ٹاور کو ‘ جو اسپورٹس کامپلکس کا حصہ تھا ‘ ایک مکمل کورونا وائرس ہاسپٹل میں تبدیل کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس ہاسپٹل میں 50 آ:ی سی یو کے بیڈس بھی ہیں۔ حکومت کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ یہ عہدیدار اس ٹاور کو دواخانہ میں تبدیل کرنے کے کام کا حصہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہاں کورونا مریضوں کا علاج کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ نہ صرف چین بلکہ تلنگانہ بھی فوری فیصلے کرنے اور منصوبوں پر عمل آوری کرنے میں کرشمے کرسکتا ہے ۔ کہا گیا تھا کہ چین نے کورونا وائرس کے پھیلاو کے ایام میں ووہان شہر میں صرف 10 دن میں ایک ہزار بستروں کا ایک دواخانہ تیار کردیا تھا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سروسیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے اس کام کا ذمہ لیا تھا اور اس نے تین ہفتوں سے بھی کم وقت میں اسے مکمل کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ ایک بہترین سہولت فراہم ہوئی ہے اور پہلے جو سات فلور ہیں انہیں ایک دہے قبل استعمال کیا گیا تھا اور مابقی چھ فلورس کو کبھی استعمال نہیں کیا گیا تھا ۔ ریاستی حکومت سے اجازت ملنے کے فوری بعد کارپوریشن کی جانب سے یہ کام شروع کیا گیا تھا اور 20 دن میں اسے پورا کرلیا گیا ہے ۔ ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ اس دواخانہ میں 400 ڈاکٹرس اور اس سے دوگنی تعداد میں نرسیس کام کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے 19 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ اس دواخانہ کو بعد میں ایک سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں تبدیل کردیا جائیگا ۔
اس دوران ریاست میں کورونا معاملات میں اضافہ کاسلسلہ جاری ہے اور آج ایک دن میں 56 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ریاست میں جملہ کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 928 تک جا پہونچی ہے ۔ محکمہ صحت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ منگل کو کورونا کی وجہ سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے اور اب تک ریاست میں مرنے والوں کی تعداد 23 ہی ہے ۔ تاہم آٹھ افراد کو آج صحتیابی کے بعد دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور اب تک ڈسچارج ہونے والے افراد کی تعداد 194 ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ منگل کو صرف سوریہ پیٹ ضلع میں 26 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ جی ایچ ایم سی حدود میں 19 کیس سامنے آئے ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا کے مریضوں کی جو جملہ تعداد ہے ان میں اکثریت کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے بتایا گیا ہے ۔