تلنگانہ میں کورونا کے 62 نئے پازیٹیو کیس ‘ 3 اموات

,

   

حیدرآباد 22 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں جمعہ کو ایک دن میں کورونا وائرس کے 62 نئے پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ تین افراد اس وائرس کی وجہ سے فوت بھی ہوئے ہیں۔ 11 مئی کے بعد سے یہ ایک دن میں سب سے زیادہ پازیٹیو کیس ہیں جو سامنے آئے ہیں۔ 11 مئی کو 79 پازیٹیو کیس ہوئے تھے ۔ آج تازہ کیسیس کے بعد تلنگانہ میں اب تک اس وائرس کی وجہ سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 1761 تک جا پہونچی ہے جبکہ اب تک مرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ تعداد 48 ہوگئی ہے ۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ آج ایک دن میں کورونا کے سات مریضوں کو ڈسچارج بھی کیا گیا ہے جن کا گاندھی ہاسپٹل میںعلاج کیا جا رہا تھا ۔ آج جو پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں ان میں 42 کا تعلق گریٹر حیدرآباد کے حدود سے بتایا گیا ہے جبکہ ایک کیس رنگا ریڈی ضلع کا ہے ۔ اس کے علاوہ 19 متاثرین مائیگرنٹ بتائے گئے ہیں جو دوسری ریاستوں سے یہاں پہونچے ہیں۔ اب تک ریاست میں جملہ 128 مائیگرنٹ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ۔ ریاستی حکومت کے ہیلت بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اب تک 1043 مریض کورونا سے علاج کے بعد صحتیاب ہوئے ہیں ۔ ریاست کے دواخانوں میں فی الحال مزید 670 افراد زیر علاج ہیں۔ ان میں بیشتر مریض گاندھی ہاسپٹل میں شریک ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسیس میں اضافہ ہوا ہے اور اکثریت جی ایچ ایم سی حدود سے تعلق رکھتی ہے ۔

اے پی : کورونا کے 62 نئے کیس
امراوتی 22 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں کورونا کے 62 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ ایک شخص فوت بھی ہوا ہے ۔ اس طرح ریاست میں اب تک کورونا سے متاثرین کی تعداد 2,667 تک جا پہونچی ہے جبکہ اموات کی تعداد 55 ہوگئی ہے ۔ آج کرشنا ضلع سے ایک شخص کے کورونا سے فوت ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 51 افراد کو ڈسچارج کیا گیا ہے ۔