تلنگانہ میں کورونا کے 67 مریضوں کا علاج ‘ 11 صحتیاب

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔29مارچ(سیاست نیوز ) تلنگانہ میں زیر علاج کورونا وائرس کے 67 مریضوں میں 11 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے یہ مثبت اور حوصلہ افزاء خبر ٹوئیٹر کے ذریعہ عوام کودیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست تلنگا نہ میں جن 67 مریضوں کا علاج جاری ہے ان کے حالات بہتر ہورہے ہیں اور ان میں 11 مریضوں کے معائنوں کے نتائج منفی آچکے ہیں ۔ کے ٹی راما راؤ کی جانب سے اس ٹوئیٹ پر شہریوں کی جانب سے ریاستی حکومت اور مشنری کو مبارکباد دیتے ہوئے اس خبر کو حوصلہ افزاء قرار دیا جانے لگا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سبب بڑی تعداد میں لوگ صحت یاب ہورہے ہیں۔ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 12 ہوچکی ہے ۔ سب سے پہلے کورونا کی تصدیق کے ساتھ دواخانہ میں شریک کئے جانے والے شخص کو جنہیں مکمل صحت یاب ہونے کے بعد دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اس شخص سے آج وزیر اعظم نریندر مودی نے’من کی بات‘ کے دوران فون پر رابطہ کرتے ہوئے دوران علاج صورتحال اورعلاج کے بعد کے حالات کے متعلق آگہی حاصل کی ۔ کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے والے شخص نے بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل میں علاج کے دوران وہ پہلے 3تا4یوم تنہائی اور بے اعتنائی کا شکار رہے لیکن ڈاکٹرس نے ان سے فون پر رابطہ کے علاوہ ان کی اس طرح سے حوصلہ افزائی کی ۔