تلنگانہ میں کورونا کے 99 نئے کیسس ، دو اموات

   


حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 99 کیسس درج کئے گئے جبکہ دو اموات واقع ہوئیں۔ ہفتہ اور اتوار کے درمیان ٹسٹوں کی تعداد میں کمی کے نتیجہ میں کم کیسس منظر عام پر آئے ہیں ۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق 169 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ۔ پازیٹیو کیسس اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں محض 3,000 کا فرق باقی رہا ہے۔ کورونا سے ابھی تک 1618 افراد فوت ہوئے۔ ریاست میں ایکٹیو کیسس 1676 ہیں، جن میں سے 705 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کو 15766 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 415 کا نتیجہ آنا باقی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں 24 اور رنگا ریڈی میں 10 کیسس درج کئے گئے ۔ بھونگیر ، ونپرتی ، سرسلہ ، پدا پلی ، نارائن پیٹ ، نلگنڈہ ، ناگر کرنول ، ملگ ، محبوب آباد ، آصف آباد ، کاما ریڈی ، گدوال اور کتہ گوڑہ میں ایک بھی کیس درج نہیں کیا گیا۔ باقی اضلاع میں کیسس کی تعداد 10 سے کم ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ صحت نے امید ظاہر کی ہے کہ تلنگانہ میں صورتحال عنقریب مزید بہتر ہوگی۔