الیکٹرانکس ، ٹیکسٹائیلس، فوڈ پراسیسنگ، فارما اور دیگر شعبوں میں مواقع، وفد کی کے ٹی آر سے ملاقات
حیدرآباد۔/25ستمبر، ( سیاست نیوز)جنوبی کوریا کے سفیر شین بونگکل کی زیر قیادت جنوبی کوریائی وفد ’’ کورین کاروان ‘‘ نے آج وزیرآئی ٹی و صنعتیں کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں فریقین نے تلنگانہ کے مختلف شعبوں جیسے الیکٹرانکس، ٹیکٹائیلس، فوڈ پراسیسنگ، فارما اور دیگر ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ کوریائی وفد تلنگانہ کا دورہ کررہا ہے اور یہاں پر سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔ تلنگانہ اور کوریا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ریاست کی ترقی پذیر صنعتی پالیسیوں سے بھی وفد کو واقف کروایا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت کوریائی انٹرنیشنل ٹریڈ اسوسی ایشن، کوریائی ٹریڈ انوسٹمنٹ پروموشن ایجنسی جیسی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ ریاست تلنگانہ جنوبی کوریائی کمپنیوں کی توجہ کا مرکز بنی ہے۔ یہ کمپنیاں یہاں پر سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوریا کی کمپنیوں کی وہ ہر ممکنہ مدد کریں گے۔