حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے تیار ،عوام کو موسم سرما میں احتیاطی اقدامات کا مشورہ
کریم نگر: تلنگانہ کے وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج کہا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم موسم سرما میں عوام کو چوکس رہنے کے علاوہ اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کرنے چاہیئے۔ کریمنگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کوویڈ 19 کی دوسری لہر کے بہت کم امکانات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے حکومتیں اور عوام پریشان ہیں ان ممالک سے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث اموات کی بھی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاحال تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے کوئی آثار نہیں ہیں تاہم دوسرے ممالک میں اس کی صورتحال کے پیش نظر تلنگانہ کے علاوہ مرکزی حکومت کی جانب سے طیرانگاہوں پر کورونا ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ باہر سے آنے والے مسافرین پر نگرانی میں اضافہ کردیا گیا ہے اور علامتیں پائے جانے پر انہیں آئسولیشن سنٹرس بھیجا جارہا ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ جن افراد کا ٹسٹ پازیٹیو آرہا ہے انہیں علاج کیلئے ہاسپٹلس روانہ کیا جارہا ہے۔ ای راجندر نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ ریاست کے تمام دواخانوں میں علامتیں ظاہر ہونے پر عوام کی طبی جانچ کیلئے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ علاج کی بھی سہولت دستیاب ہے۔ وزیر صحت نے عوام سے کہا کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق پریشان نہ ہوں۔ عوام کو جلد ہی کورونا وائرس کا ویکسین دستیاب ہونے کی بھی انہوں نے توقع ظاہر کی ہے۔