حیدرآباد 17 اکٹوبر ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے آج کہا کہ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ دونوں شہروں اور اطراف میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور ایک یا دو موقعوں پر گرج چمک ہوسکتی ہے ۔ درجہ حرارت اعظم ترین 31 ڈگری اور اقل ترین 21 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ جمعرات کو تلنگانہ میں کچھ مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ سب سے زیادہ 4 سنٹی میٹر بارش کتہ گوڑہ ( محبوب آباد ضلع ) میں ہوئی جبکہ محبوب نگر میں جڑچرلہ کے مقام پر 3 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ جنوب مغربی مانسون ماہ اکٹوبر کے تیسرے ہفتے میں ختم ہوگا ۔ اب سارے ملک سے یہ مانسون ختم ہوگیا ہے جبکہ ٹاملناڈو اور جنوبی ساحلی آندھرا پردیش ‘ رائلسیما و کرناٹک میں شمال مشرقی مانسون کی بارش کا آغاز ہوا ہے ۔