نیشنل تھرو بال چمپئن شپ مقابلوں کا افتتاح، جناب عامر علی خان کی شرکت
حیدرآباد ۔ 7 جون (سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی جی پرسا دکمار نے کہا کہ کانگریس حکومت اسپورٹس کی سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دے رہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ تھرو بال اسوسی ایشن کے زیراہتمام جمعرات کو شام میں حیات نگر کے ورڈ اینڈ ڈیڈ ایجوکیشن اکیڈیمی کے احاطہ میں 47 واں سینئر نیشنل تھرو بال چمپئن شپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بی پرساد کمار نے قابلوں کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ ریاست میں جہاں مختلف کھیلوں کو فروغ دیا جارہا ہے، وہیں کھلاڑیوں کی مکمل حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ اسپورٹس کے مختلف شعبوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی خصوصی کوچنگ پر توجہ دینے کے علاوہ ریاست و ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو انعام و اکرام سے نوازا جارہا ہے۔ اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمارنے تلنگانہ کو چمپئن بنانے کی کھلاڑیوں سے اپیل کی۔ تلنگانہ میں اسپورٹس کی خصوصی پالیسی تیار کرنے کیلئے اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کرنے کا تیقن دیا ہے۔ تھرو بال چمپئن شپ مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے ملک کی 26 ریاستوں کے مرد و خواتین کی ٹیمیں حیدرآباد کو پہنچ چکی ہیں۔ تین دن تک مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس تقریب میں سابق مرکزی وزیر وینو گوپال چاری، تلنگانہ اسٹیٹ تھرو بال اسوسی ایشن کے صدرنشین پریم ساگر راؤ، نیوزایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان، ٹی ایس پی ایس سی کے سابق رکن وٹھل، صدر ستیم سری رنگم، ورکنگ پریسیڈنٹ روی کمار، نائب صدر کرشنا راجپوت، چترا، جمیل، کرشناریڈی، کانگریس کے قائد جی بھاسکر یادو کے علاوہ کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔2