تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کی الٹی گنتی شروع: ترون چگ

   

لوٹ کھسوٹ کا حساب دینا ہوگا، کلواکنٹلہ دستور قابل قبول نہیں
حیدرآباد۔10 ۔ فروری (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی قائد اور تلنگانہ انچارج ترون چگ نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ تانا شاہی ، خاندانی حکمرانی اور کرپشن کے خلاف عوام نے فیصلہ سنانے کی تیاری کرلی ہے اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو شکست فاش ہوگی۔ نئی دہلی میں بنڈی سنجے اور ڈی اروند کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ترون چگ نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کے دستور کے بجائے کلوا کنٹلہ دستور نافذ کرناچاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے دستور بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ڈاکٹر امبیڈکر کے دستور کے تحت چلے گا جس میں کمزور طبقات اور اقلیتوں کو برابری کے حقوق فراہم کئے گئے ہیں۔ دستور ہند ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔ تلنگانہ میں وزیراعظم کے علامتی پتلے نذر آتش کرنے کی مذمت کرتے ہوئے ترون چگ نے کہا کہ نریندر مودی کروڑوں ہندوستانیوں کے پسندیدہ قائد ہیں۔ کرپشن اور خاندانی حکمرانی برقرار رکھنے کے لئے کے سی آر اقتدار کے نشہ میں من مانی بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے دن قریب آچکے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ دوبارہ اقتدار کا خواب دیکھنا بند کریں۔ کے سی آر کو سپنوں سے باہر آنا ہوگا۔ مونگیری لال کے سپنے کے سی آر کے کام نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو ، ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر ، غیر مقیم ہندوستانیوں کے لئے فنڈس جیسے اعلانات صرف زبانی ثابت ہوئے۔ عوام ٹی آر ایس کو مسترد کرچکے ہیں۔ کے سی آر کو لوٹ کھسوٹ کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مخالف دستور بیانات اور وزیراعظم کے خلاف احتجاج کے ذریعہ حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نریندر مودی پر تنقید دراصل چاند پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ر