کانگریس کے حق میں لہر کا آغاز، کانگریس میں شمولیت تقریب سے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔16 ۔ جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کے دن تلنگانہ میں ختم ہوچکے ہیں اور عوام کے سی آر کی آمرانہ حکومت کو مزید برداشت کرنے تیار نہیں۔ ریونت ریڈی آج گاندھی بھون میں بی آر ایس قائدین کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ اچم پیٹ اسمبلی حلقہ کے سینئر لیڈر جی راجندر ، سابق زیڈ پی ٹی سی بی نائک نے دیگر منڈلوں کے قائدین و کارکنوں کے ساتھ آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام کے سی آر حکومت کی لوٹ اور استحصال کا شکار ہوچکے ہیں ۔ عوام مزید برداشت کرنے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں قائدین کی کانگریس میں شمولیت ریاست میں مخالف کے سی آر لہر کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے حق میں لہر پیدا ہوچکی ہے اور عوام کے سی آر حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔ کانگریس اقتدار کے ذریعہ تلنگانہ عوام کو کے سی آر سے چھٹکارا حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ پہنچا ہے ، حالانکہ عوام سے کئی وعدے کئے تھے۔ انہوں نے تلنگانہ کی تشکیل کا سہرا کے سی آر کے سر باندھنے کی کے ٹی آر کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ تلنگانہ تحریک اس وقت سے جاری ہے جس وقت کے سی آر سیاست میں نہیں تھے۔ 1968 ء میں تلنگانہ تحریک کا آغاز ہوا جبکہ کے سی آر نے 2001 ء میں ٹی آر ایس قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی حیدرآباد پر کانگریس کا پرچم لہرایا ، ریاست میں کانگریس برسر اقتدار آئی ۔ صدر سکندرآباد کانگریس انیل کمار یادو نے اپنے عہدہ کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر خطاب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ شہر میں کانگریس کا شاندار مظاہرہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی اور خاص طور پر سلم علاقوں میں ترقیاتی کام کانگریس دور حکومت کی دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ انیل کمار یادو آنجہانی پی جے آر کی طرح عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ کانگریس نے حیدرآباد میں کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جس کے نتیجہ میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملا۔ بی آر ایس حکومت نے 5 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کرکے عوام پر بوجھ عائد کیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر کے سی آر کو دوبارہ کامیابی کا یقین ہو تو وہ اپنے موجودہ 104 ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دے کر دکھائیں۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی رابطہ مہم میں مشغول ہوجائیں تاکہ پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر کو سونیا گاندھی کی سالگرہ کے تحفہ کے طور پر تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار پیش کیا جائیگا۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹریز روہت چودھری ، منصور علی خاں ، وشواناتھ ، محمد علی شبیر ، انجن کمار یادو ، راملو نائک اور دیگر قائدین موجود تھے۔ر