تلنگانہ میں کے سی آر کے زوال کا آغاز: بی سنجے

   

آر ٹی سی ملازمین ہڑتال سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی تنقید
حیدرآباد۔9۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بی سنجے نے کہا کہ ریاست میں کے سی آر کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنجے نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے نمٹنے کا طریقہ کار اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ کے سی آر کو مسائل کی یکسوئی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ملازمین کی بھلائی سے زیادہ آر ٹی سی کے اثاثہ جات کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آر ٹی سی کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ حالانکہ عوام کی تائید آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ تلنگانہ تحریک کے دوران آر ٹی سی ملازمین نے طویل ہڑتال کے ذریعہ مرکزی حکومت کو علحدہ ریاست کے اعلان پر مجبور کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی کابینہ میں ایسے وزراء کو شامل کیا گیا جن کا تلنگانہ تحریک سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ٹی سرینواس یادو اور ای دیا کر راؤ تلنگانہ تحریک میں کہاں تھے۔ بی سنجے نے کہا کہ مخالف تلنگانہ قائدین کو آر ٹی سی ملازمین پر تنقید کا کوئی حق نہیں ہے ۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ دوسری میعاد میں کے سی آر کے خلاف عوامی ناراضگی میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ سوشیل میڈیا پر عوام اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین کو بات چیت کیلئے مدعو کریں اور ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرتے ہوئے ہڑتال کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید کرتی ہے۔