تلنگانہ میں گائے ،اونٹ کے ذبح پر پابندی

   

عیدالاضحی کے پُرامن انعقاد کیلئے عہدیداروں کو چوکس رہنے ضلع کلکٹر کی ہدایت، قانون کی خلاف ورزی پر انتباہ
نظام آباد :18؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو اور پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے مویشیوں کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے عہدیداروں کو سخت نگاہ رکھنے کی ہدایت دی ۔ عید الاضحی کے پیش نظر انٹیگریٹیڈ ڈسٹرکٹ کلکٹر کامپلکس میں ضلع کلکٹر مسٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے ایک اجلاس منعقد کیا ۔انہوں نے عید الاضحی کے پیش نظر تجویز پیش کی کہ متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو آپس میں تال میل سے اپنے فرائض انجام دیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی پیدا نہ ہو۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گائے کے ذبح کرنے پر پابندی ہے اور تلنگانہ میں اونٹ کو ذبح کرنے پر پابندی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو ان مسائل پر شعور بیدار کیا جائے اور کہیں بھی گائے اور اونٹ کو ذبح کرنے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مویشیوں کو سلاٹر ہاؤسز میں ذبح کیا جائے سڑکوں پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو ذبح کرنے سے پہلے ویٹرنری آفیسر سے سرٹیفیکیشن لینا لازمی ہے۔ پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے کہا کہ ضلع کے کنداکورتی، سلورا، پوتھنگل، کھنڈگاؤں میں بین ریاستی چیک پوسٹوں کے علاوہ، ساٹا پور، یمنچا، اندلوائی، امیڈا، جنا پلی، مامیڈی پلی اور دیگر مقامات پر خصوصی بین ضلعی چیک پوسٹیں قائم کی جا رہی ہیں تاکہ مویشیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کو روکا جا سکے۔اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر انکت، بودھن سب کلکٹر وکاس مہتو، میونسپل کمشنر دلیپ کمار، ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر اما مہیشور راؤ، ٹرانسکو ایس ای رویندر، نظام آباد، بودھن، آرمور اے سی پی راجہ وینکٹ ریڈی، سرینواس، وینکٹیشور ریڈی، پولیس، ریونیو، حیوانات، پنچایت، میونسپل اور دیگر محکموں عہدیداروں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔