حیدرآباد۔17مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ دو یوم کے دوران گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق ریاست کے بیشترمقامات پر 18تا 20 مارچ کے دوران گرج اورچمک کے ساتھ بارش ہوگی۔بے موسم متوقع اس بارش کے متعلق محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ہلکی اور تیز بارش کے دوران درجہ حرارت میں گراوٹریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ محکمہ موسمیات کی جانب سے اس بات کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے کہ 20 مارچ کے بعد موسم گرما کی شدت میں اضافہ ہوگا لیکن ان دو ایام کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کے امکان ہیں۔ماہرین کے مطابق 21تا23مارچ کے دوران موسم میں کوئی خاص تبدیلی ریکارڈ نہیں کی جائے گی ۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریاست کے 25فیصد مقامات پربارش ریکارڈ کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بارش کے امکانات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت 33.1 ریکارڈ کیا جا رہاہے جب کہ دن کے وقت ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ضلع محبوب نگرمیں ریکارڈکیاجا رہاہے جہاں 37ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ رات کے اوقات میں حیدرآباد میں درجہ حرارت 21.1ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔